نیویارک،18؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک 'شریف آدمی' ہیں ۔پیر کی رات امریکی نشریاتی ادارے ’’سی این این‘‘کے ساتھ ایک انٹرویو میں میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ ان کے شوہر کو " ایکسس ہالی وڈ" کے میزبان بل بش نے 2005میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو کے دوران خواتین کے متعلق نازیبا گفتگو کرنے پر اکسایا تھا۔انہوں نے اپنے شوہر سے متعلق مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ شخص نہیں ہے جسے وہ جانتی ہیں۔ وہ ایک شریف آدمی ہیں۔ وہ نرم دل ہیں اور میں جانتی ہوں کہ وہ خواتین کا احترام کرتے ہیں۔ویڈیو ریکارڈنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ شیخی بگھارتے ہوئے ایک شادی شدہ خاتون کے بارے میں نہایت ناشائستہ گفتگو کرتے ہیں۔ انہوں نے اس پر کھلے عام معذرت کرتے ہوئے اسے بند کمرے کی گفتگو قرار دیا تھا۔میلانیا ٹرمپ نے سی این این کو بتایا کہ ان کے شوہر نے ان سے اس گفتگو کے بارے میں معذرت کی تھی اور انہوں نے ان (ٹرمپ)کی معذرت کو قبول کر لیا تھا۔ میلانیا نے دائیں بازو کے میڈیاپر الزام عائد کیا کہ اس (وڈیو) ٹیپ کو ایک مسئلہ بنانے کا مقصد ان کے شوہر کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے ان دعوؤں کی حمایت کرتی ہیں کہ نومبر کے صدراتی انتخاب میں ہلری کلنٹن کے حق میں دھاندلی کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ موقف اختیار کیا کہ ان کے بقول میڈیا متعصب اور بد دیانت ہے۔دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو شد و مد کے ساتھ اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ انتخاب میں ان کے خلاف دھاندلی کی جا رہی ہے۔ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر بیان میں کہا کہ بلاشبہ ایک بڑے پیمانے پر انتخاب کے دن اور اس سے پہلے ووٹوں کا فراڈ ہو رہا ہے۔ ریپبلکن راہنما جو کچھ ہورہا ہے اس سے کیوں انکار کر رہے (یہ)کتنی سادگی ہے۔8 نومبر کے صدارتی انتخاب سے پہلے ٹرمپ عوامی جائزوں میں پیچھے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے ووٹروں کے فراڈ اور اپنے دوسروں دعوؤں کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کلنٹن نے آخری مباحثے سے پہلے طاقت کی ادویہ استعمال کی تھیں یا انہوں نے مباحثہ میں کیے جانے والے سوالات پہلے سے حاصل کر لیے تھے۔